ٹائٹینک فلم کے ڈائریکٹر کا ٹائٹن آبدوز واقعے پر ردعمل سامنے آگیا

تباہ کن واقعے کے بغیر ٹائٹن آبدوز کا سطح سمندر سے رابطہ اور نیویگیشن ایک ساتھ منقطع نہیں ہو سکتا، جیمز کیمرون

(فائل فوٹو)

ہالی ووڈ کی مشہور فلم 'ٹائٹینک' کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے ٹائٹن آبدوز کے واقعے سے لوگوں کو سبق سیکھنے کا مشورہ دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیمز کیمرون نے ٹائٹن آبدوز کے ساتھ پیش آئے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ٹائٹینک جہاز کے ملبے کی سیر کیلئے جانے کی خواہش رکھنے والوں کے اس افسوسناک واقعے سے سبق سیکھنا چاہیے۔


جیمز کیمرون کا کہنا تھا کہ وہ کئی بار ٹائٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جا چکے ہیں آبدوز کی تیاری میں حائل انجینئرنگ مشکلات اور سیفٹی پروٹوکول سے واقف ہوں۔


ہدایتکار نے کہا کہ ٹائٹینک جہاز اور ٹائٹن کو پیش آئے حادثے میں مماثلت نے حیرت میں ڈال دیا ہے ٹائٹینک کے کپتان کو بھی خبردار کیا گیا تھا کہ آگے برف کا تودہ ہے۔

انہوں بتایا کہ ٹائٹینک کے کپتان نے اندھیری رات میں پوری رفتار سے جہاز چلا دیا تھا جو ایک زیرِ سمندر موجود انتہائی بڑے برف کے تودے سے ٹکرایا اور تاریخ کا سب سے بڑا جہاز سیکڑوں لوگوں سمیت سمندر میں غرق ہوگیا۔


ٹائی ٹینک کے ملبے تک 33 مرتبہ غوطے لگانے والے جیمز کیمرون نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی چیز سے ٹکرائے یا تباہ کن واقعے کے بغیر ٹائٹن آبدوز کا سطح سمندر سے رابطہ اور نیویگیشن ایک ساتھ منقطع نہیں ہو سکتا۔

امریکی بحریہ کے ایک اہلکار نے بھی غیر ملکی میڈیا کو بتایا ہے کہ ٹائٹن کا سطح سے رابطہ منقطع ہونے کے فوراً بعد بحریہ کو سمندر میں ایک بے ضابطگی محسوس ہوئی تھی جو کہ کسی چیز کے پھٹنے جیسی تھی۔

یاد رہے کہ 61 سالہ برطانوی بزنس مین کرس براؤن نے بھی آبدوز کی ٹیکنالوجی اور معیار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عین وقت پر سفر سے انکار کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ لاپتا آبدوز کا ملبہ ملنا شروع ہوگیا ہے جبکہ ٹائٹن آبدوز کمپنی نے مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ آبدوز میں پاکستانی بزنس مین شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان داؤد سمیت ٹائٹن کمپنی کے سی ای او بھی سوار تھے۔

 
Load Next Story