بلوچستان کے نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے مریم نواز

بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، زراعت، صنعت، آئی ٹی میں نئے کاروبار، روزگار کے مواقع دیں گے، چیف آرگنائز ن لیگ

fwTw faul

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ سابق وزیراعلی بلوچستان اور صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

نیشنل پارٹی کے نائب صدر اور سابق سینیٹر کبیر احمد، سیکریٹری جنرل جان بلیدی سینیٹرطاہر بزنجو، سینیٹر اکرم، ایوب ملک اور نیشنل پارٹی کے پنجاب کے صدر اسلم بلوچ بھی وفد میں شامل تھے۔


مریم نوازشریف نے نیشنل پارٹی کے وفد کا خیرمقدم کیا اور ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن بلوچستان اور اس کے عوام کو نہایت اہمیت دیتے ہیں، نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کے لئے کام کیا ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ، گوادر پورٹ، مغربی روٹ سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے، بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی اولین ترجیح ہے۔

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کا کہنا ھا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے، تعلیم، زراعت، صنعت، آئی ٹی میں نئے کاروبار، روزگار دیں گے، کھیلوں میں ترقی کے مواقع دیں گے۔
Load Next Story