انٹر بورڈ ضمنی امتحانات میں نقل کرنیوالے 180 طلبا کا پرچہ منسوخ

4 امیدواروں کو ایک سال کیلیے کسی بھی امتحان میں شریک ہونے سے روک دیا گیا

4 امیدواروں کو ایک سال کیلیے کسی بھی امتحان میں شریک ہونے سے روک دیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا ہے کہ امتحانات میں نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے امیدواروں کے کیسز کا جلد فیصلہ کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔


انھوں نے یہ بات گیارہویں اور بارہویں جماعتوںکے امتحانات میں نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے 235 طلبہ اور طالبات کو الزام ثابت ہونے پر مختلف سزائوں کا فیصلہ سناتے ہوئے کہی، سینئر اساتذہ اور ماہرین تعلیم پر مشتمل نقل پر سزا دینے والی کمیٹی نے 2013 کے ضمنی امتحانات تک کے دوران نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے امیدواروں کے کیسز کا جائزہ لے کر پر اپنی سفارشات سے چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر انوار احمد زئی کو آگاہ کیا تھا کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کرتے ہوئے انفرادی طور پر ہر کیس پر غور کیا اور نقل کرتے ہوئے پکڑے جانیوالے طلبا و طالبات کو صفائی کا پورا موقع دینے کے ساتھ ان کی جوابی کاپیوں سے منسلک نقل کے مواد کا بھی جائزہ لیا۔

چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسرانواراحمدزئی نے اس موقع پر بتایا کہ انھوں نے نقل پر سزا دینے والی کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے 4 امیدواروں کو ایک سال کیلیے کسی بھی امتحان میں شریک ہونے سے روک دیا ہے اور 30امیدواروں کے موجودہ امتحانی نتائج منسوخ کردیے ہیںجبکہ 180 امیدواروں کے صرف وہ پرچے منسوخ کیے گئے ہیں جن کے دوران انھیں نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا اس کے علاوہ کمیٹی کی سفارش کے مطابق 21 امیدواروں کو ثبوت نہ ملنے پر بے قصور ٹھہراتے ہوئے ان کی کاپیوں کی جانچ کے احکام جاری کردیے ہیں ۔
Load Next Story