امریکی کرکٹ پی سی بی آفیشل مشاورت فراہم کرنے لگے

معاوضہ بھی ملے گا، شعیب نوید تین ماہ کی چھٹیاں لے کر گئے،دیگر ملازمین حیران


Saleem Khaliq June 24, 2023
نجم سیٹھی جاتے جاتے شعیب نوید کو جی ایم پی ایس ایل بھی بنا گئے، ذرائع کا دعویٰ۔ فوٹو: فائل

پی سی بی آفیشل امریکی کرکٹ کیلیے مشاورت کرنے لگے، انھیں اس کا معاوضہ بھی ملے گا۔

شعیب نوید پی سی بی میں کئی برس سے مختلف پوزیشنز پر کام کر رہے ہیں،2014 سے 2016 تک وہ پروجیکٹ منیجر پی ایس ایل رہے،2016 سے 2020 تک اسلام آباد یونائٹیڈ کے سی او او کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائی، یہ تعلق بعد میں رشتہ داری میں بھی تبدیل ہو گیا، انھوں نے لیگ کے پروجیکٹ منیجر،منیجر مارکیٹنگ اینڈ سیلز کی حیثیت سے بھی کام کیا،2019 میں انھوں نے پروجیکٹ ایگزیکٹیو پی ایس ایل کا عہدہ سنبھالا اور ایک سال تک خدمات نبھائیں، دسمبر 2020 میں شعیب نے لیگ کیلیے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی۔

پی سی بی نے پریس ریلیز بھی جاری کیا مگر پھر حیران کن طور پر فوراً ہی خاموشی سے بطور ہیڈ آف براڈ کاسٹ رائٹس، پروڈکشن اینڈ ایمرجنگ پلیٹ فارمز واپسی ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مرتبہ امریکی کرکٹ ٹیم پاکستان کی لیگ فرنچائز سے سیریز کھیلے گی

ذرائع کے مطابق وہ ان دنوں امریکی کرکٹ کو لیگ و دیگر معاملات پر مشاورت فراہم کر رہے ہیں، اس کیلیے انھیں معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا۔

پی سی بی نے قوانین سے ہٹ کر شعیب نوید کو تین ماہ تک طویل رخصت کی اجازت بھی دے دی، یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس دوران وہ بورڈ سے بھی تنخواہ وصول کریں گے یا نہیں،اس کیلیے انھیں پروجیکٹ ہیڈ نائلہ بھٹی نے خصوصی اجازت دی، دیگر ملازمین اس پر چہ مگوئیاں بھی کر رہے ہیں کہ کسی دوسرے بورڈ کیلیے کام کرنے اور اتنے عرصے غیرحاضری کی اجازت کیسے دے دی گئی؟ ماضی میں ایک خاتون نے کینیڈا جانے سے قبل طویل رخصت مانگی تو انھیں انکار کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: معین خان کو امریکی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا

ذرائع نے مزید بتایا کہ سابقہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی جاتے جاتے شعیب نوید کو جی ایم پی ایس ایل بھی بنا گئے ہیں،البتہ اس کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، اسلام آباد یونائٹیڈ سے قریبی تعلق کی وجہ سے اس میں مفادات کے ٹکراؤ کا عنصر بھی سامنے آئے گا۔

اس حوالے سے جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے موقف لینے کیلیے شعیب نوید سے رابطہ کیا تو انھوں نے فون کال یا پیغام کا کوئی جواب نہ دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں