کراچی بلدیاتی الیکشنز عام انتخابات کی دھاندلی کا ٹریلر ہیں حافظ نعیم

میثاق معیشت سے پہلے آپکو حساب دینا پڑے گا، امیر جماعت اسلامی کراچی


ویب ڈیسک June 24, 2023
میثاق معیشت سے پہلے آپکو حساب دینا پڑے گا، امیر جماعت اسلامی کراچی

حافظ نعیم نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی الیکشنز عام انتخابات کی دھاندلی کا ٹریلر ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں قبضے سے ایک مئیر بٹھا دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ میئر کے انتخاب میں تمام منتخب نمائندوں کو آنا چاہیے، مگر 31 لوگ نہیں آئے جسے ہم چیلنج کر رہے ہیں، ہم نے پٹیشن دائر کر دی ہے، انصاف نا ملا تو ہم ہائی کورٹ جائیں گے، الیکشن کمیشن کی پشت پناہی ہے جس سے مسائل کھڑے ہو رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کراچی انتخابات کو ملک بھر کی دھاندلی کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی مئیر کا الیکشن ایک ٹریلر ہے فلم ابھی باقی ہے، یہ مئیر پی پی پی کے گلے کا کانٹا بنے گا، نا نگل سکیں گے نا باہر نکال سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 30 سال سے پی پی پی کی حکومت ہے لیکن ایک بھی بڑا پراجیکٹ نہیں لگایا، تعلیم کے نظام کا ستیاناس کر دیا، اپنی مرضی کے بندے لگائے جا رہے ہیں، 47 ہزار لوگوں کی تقرریاں کیں جو مکمل طور پر میرٹ پر نہیں، یہی کام تھانوں میں بھی ہوتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ میثاق معیشت سے پہلے آپکو حساب دینا پڑے گا، اگر زرداری صاحب کے گھروں سے ڈالر برآمد ہونا شروع ہوجائیں تو کسی میثاق معیشت کی ضرورت نہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ پورے سندھ کو دلدل میں ڈال رکھا ہے کیسے معیشت ٹھیک ہوگی، کراچی سے لوگ پیسہ باہر لے جا رہے ہیں، یہ کیا کراچی کو ڈیویلپ کریں گے، یہ لوگوں کو گھروں سے نکالتے ہیں، قبضہ کرتے ہیں، عدالت سے انصاف نہیں ملتا، بلاول اور زرداری ہاؤس میں فیصلے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سن 70 کا الیکشن ہوا، 71 میں پاکستان ٹوٹ گیا، یہ لوگ پہلے اسباب پیدا کرتے ہیں پھر اپنے لوگوں کو لگاتے ہیں، انہوں نے کبھی مشرقی پاکستان کو اپنا حصہ نہیں سمجھا تھا، مشرقی پاکستان میں پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار ہی نہیں کھڑا کیا، اپنے مفادات کی خاطر پاکستان کے دو ٹکرے کیے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی 3 لاکھ ووٹ نہیں لے سکی، اور جماعت اسلامی کے 5 لاکھ سے زیادہ ووٹ تھے، مخصوص نشستوں پر 8 بندوں میں 2 سیٹیں اور 14 بندوں میں ایک سیٹ، یہ کہاں کا انصاف ہے، ہم اپنی 14 سیٹوں کا تحفظ کریں گے، یہ لوگوں کا مینڈیٹ ہے، ہم بھیک میں مئیر شپ نہیں لیں گے، ہم اپنا حق لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 ٹاؤن میں جماعت جیتی ہے، وہاں لوگوں کی خدمت کرے گی، اگر انہوں نے فنڈز نا دیئے تو ہم قانونی راستہ اپنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں