مریم نواز دبئی پہنچ گئیں نواز شریف سے اہم ملاقات کریں گی

نواز شریف کی وطن واپسی،عام انتخابات پر بات ہوگی، شہباز شریف لندن میں موجود،جہانگیر ترین اور عون چوہدری سے ملاقات متوقع


ویب ڈیسک June 24, 2023
نواز شریف کی وطن واپسی،عام انتخابات پر بات ہوگی (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کی آج دبئی میں ملاقات ہوگی جس میں نواز شریف کی وطن واپسی، عام انتخابات اور نگراں سیٹ کے ناموں پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لاہور سے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے دبئی پہنچ گئیں۔ مریم نواز اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہیں جب کہ پارٹی قائد شریف پہلے ہی دبئی پہنچ چکے ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے مریم نواز کی ملاقات میں اہم سیاسی امور زیربحث آئیں گے۔ ملاقات میں نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی، آئندہ عام انتخابات کی تاریخ اور نگران سیٹ اپ کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس بھی متوقع ہے، اجلاس میں سینئر لیگی قیادت بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوگی، لندن میں موجود وزیراعظم شہباز شریف اور لیگی رہنما اجلاس میں شریک ہوں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی، استقبال سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت ہوگی۔

یہ بات زیر غور رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے قائد جہانگیر ترین اور عون چوہدری بھی اس وقت لندن میں ہیں موجود ہیں۔ اسی تناظر میں ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور عون چوہدری کی بھی شہباز شریف سے لندن میں ملاقات متوقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں