پاک فوج کے تعاون سے 16 سال بعد وسطی کرم میں کوئلے کی کان کا آغاز
وسطی کرم میں موجود 170 کانوں میں سے 62 کوئلے کی کانوں کا افتتاح کر دیا گیا
ماضی میں دہشتگردوں کی پناہ گاہ اور اقتصادی لحاظ سے پسماندہ سمجھے جانے والے وسطی کرم میں 16 سال بعد پاک فوج کے تعاون سے کوئلے کی کان کا آغاز ہوگیا۔
وسطی کرم میں موجود 170 کانوں میں سے 62 کوئلے کی کانوں کا افتتاح کر دیا گیا۔
کوئلہ کان میں لگ بھگ 650 سے زائد مزدور مختلف علاقوں میں موجود کانوں میں کام کر رہے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مزدوروں اور روزگار کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کوئلہ کان کی سرگرمیوں کی وجہ سے تقریباً 5000 سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے کُرم سے دہشتگردی کا خاتمہ بھی کیا۔ 2500 سے زائد خاندان کان کنی کے روزگار سے مستفید ہو رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ابتداء میں خاصی مشکلات تھیں مگر اب مقامی حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں سے ہمارے کافی مسائل حل ہوچکے ہیں۔
علاقے سے باہر بھی متعدد افراد کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ علاقے کے لوگوں کی دیگر مشکلات میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے جس پر علاقہ مکین پاک فوج کی کاوشوں کے معترف ہیں۔