کراچی کیٹل فارم سے بھاری مالیت کے 12 سے زائد قربانی کے جانور چوری
مالک کے مطابق چوری کیے جانے والے جانوروں کی مالیت ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے تھی
ملیر کینٹ کے علاقے سپرہائیوے وادی حسین قبرستان کے قریب واقع کیٹل فارم سے بھاری مالیت کے 12 سے زائد قیمتی قربانی کے جانور چوری کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملیر کیٹ تھانے کے علاقے سپرہائیوے وادی حسین قبرستان کے قریب واقع محمدی کیٹل فارم سے بھاری مالیت کے 12 سے زائد قیمتی قربانی کے جانور چوری کر لیے گئے۔ قربانی کے جانور چوری کیے جانے کا واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا۔ قربانی کے جانور چوری کیے جانے کی اطلاع ملیر کینٹ تھانے کو دے دی گئی لیکن فوری مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او ملیر کینٹ طارق رحیم نے بتایا کہ کیٹل فارم کے مالک ملک شہروز کے مطابق اتوار کی علی الصبح 10 سے 12 مسلح ملزمان کیٹل فارم میں داخل ہوئے اور کیٹل فارم میں موجود ایک سیکیورٹی گارڈ، چوکیدار اور قربانی کے جانوروں کو چارا دینے والے ملازم کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور قیمتی قربانی کے جانور چوری کرکے مزدا ٹرک میں سوار کرکے فرار ہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ کیٹل فارم تین ایکٹر اراضی پر قائم ہے اور سیکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے تھے، کیٹل فارم کی بیرونی دیواریں بھی چھوٹی ہیں اور نہ کیٹل فارم میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور نہ ہی کیٹل فارم کے اطراف روشنی کا کوئی نظام موجود ہے۔
کیٹل فارم کے مالک ملک شہروز کے مطابق چوری کیے جانے والے جانوروں کی تعداد 12 تھی جن کی مالیت ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے تھی، مسلح ملزمان نے ان کے ملازموں کو رسی سے باندھنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا۔ مالک کے مطابق وہ تھانے مقدمہ درج کروانے جا رہے ہیں۔
کیٹل فارم کے ملازم کے مطابق رات 4 بجے کے قریب 12 سے 13 مسلح ملزمان کیٹل فارم میں داخل ہوئے اور انھوں نے ملازموں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور گھسیٹتے ہوئے لے گئے اور دروازے کے ساتھ رسیوں سے باندھ دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ مسلح ملزمان وفقے وقفے سے دو گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل لائے اور جانور لوٖڈ کر کے فرار ہوئے، چوری کیے جانے والے جانوروں میں 12 بڑے جانور اور ایک بکرا شامل ہے۔
پولیس کے مطابق کیٹل فارم سے قربانی کے جانوروں کی چوری کی واردات کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔