اغوا ہوجانے کی غلط فہمی پر امریکی خاتون نے ٹیکسی ڈرائیور کو گولی ماردی

پولیس نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا


ویب ڈیسک June 25, 2023
اغوا ہونے کی غلط فہمی میں آن لائن ڈرائیور کو گولی مارنے والی خاتون گرفتار ؛ فوٹو: امریکی ویڈیو

امریکا میں 48 سالہ خاتون نے اس غلط فہمی پر آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کے سر پر گولی مار دی کہ وہ انھیں اغوا کرکے کہیں لے جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست ٹیکساس میں پیش آیا۔ خاتون نے آن لائن ٹیکسی بک کرائی تھی اور اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھیں۔

دوران سفر ایک سائن بورڈ گزرا جس سے انھیں لگا کہ یہ راستہ میکسیکو جا رہا ہے۔ اسی دم خاتون کے ذہن میں خیال آیا کہ ڈرائیور انھیں اغوا کرکے میکسیکو لے جا رہا ہے۔

خاتون نے بغیر کچھ سوچے سمجھے اپنے بیگ سے پستول نکالی اور ڈرائیور پر گولیاں برسا دیں۔ ایک گولی ڈرائیور کے سر پر لگی جب کہ دوسری نے ہتھیلی پر زخم کیا۔

ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہے اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں اغوا کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ خاتون کو غلط فہمی ہوئی تھی۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انکوائری شروع کردی ہے۔

آن لائن ٹیکسی کمپنی اس واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے خاتون کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں