لاہور میں پری مون سون کی ریکارڈ موسلادھار بارش نشیبی علاقے زیر آب

سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 256 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی

فوٹو : اسکرین گریب

شہر میں علی الصبح موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ شاہراہوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون بارشو ں کا سلسلہ آج سے 30 جون تک جاری رہے گا۔

لاہور میں رواں سال پری مون سون بارشوں کا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 256 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ پانی والا تالاب میں 254، قرطبہ چوک میں 252، گلشن راوی میں 238، سمن آباد میں 125، اقبال ٹاؤن میں 212، ایئرپورٹ میں 260، نشتر ٹاون میں 231 اور تاجپورہ میں 192 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

جیل روڈ میں 120، گلبرک میں 105، جوہر ٹاون میں 135، فرخ آباد میں 62 اور چوک ناخد میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔




شدید بارش سے شاہراہوں پر پانی سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی نکاسی آب کے لیے واسا سمیت دیگر اداروں کو ہدایات کی گئی ہے۔ وزیر بلدیات عامر میر نے نکاسی آب آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دے دیں۔

ایم ڈی واسا غفران احمد آپریشنل اسٹاف کے ہمراہ نکاس آب کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے نشیبی علاقوں قرطبہ چوک اور لکشمی چوک کے دورے کیے۔ ایم ڈی واسا نے شہر بھر کے انڈر پاسز کے بھی دورے کیے۔

تمام ایمرجنسی کیمپس پر ہیوی مشینری، عملہ و افسران مکمل متحرک ہیں۔ واسا لاہور کا نکاسی آب آپریشن صبح سے بلا تعطل جاری ہے۔
Load Next Story