وزیر ریلوے کے ادارے میں بہتری کے دعوے غلط ثابت ہوگئے

کراچی سے راولپنڈی جانیوالی پاکستان ایکسپریس کے اے سی اسٹینڈرڈ کوچ نمبر چار کا ائیرکنڈیشننگ سسٹم خراب، مسافر رُل گئے

کراچی سے راولپنڈی جانیوالی پاکستان ایکسپریس کے اے سی اسٹینڈرڈ کوچ نمبر چار کا ائیرکنڈیشننگ سسٹم خراب، مسافر رُل گئے (فوٹو : فائل)

وزیر ریلوے کے خدمات اور انتظامی امور میں بہتری کے بلند و بانگ دعوے غلط ثابت ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کے اے سی اسٹینڈرڈ کوچ نمبر 4 کا ائیرکنڈیشننگ سسٹم خراب ہوگیا جس کے سبب مسافر رُل گئے، مسافروں نے بوگی میں بڑھتے ہوئے حبس اور گرمی پر کراچی کینٹ اسٹیشن پر احتجاج بھی کیا لیکن ریلوے حکام کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔


پاکستان ایکسپریس کے کنڈیکٹر گارڈ نے بتایا کہ انہوں طویل مدت سے اے سی اسٹینڈرڈ کوچ نمبر 4 کے ائیرکنڈیشننگ سسٹم کی خرابی سے متعلق ریلوے انتظامیہ کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا لیکن انتظامیہ اس آگاہی کے باوجود کوچ نمبر 4 کو مستقل پاکستان ایکسپریس کے اے سی اسٹینڈرڈ کوچ کے طور پر استعمال کررہی ہے اور اس کوچ کے مسافروں سے ائیرکنڈیشنڈ سسٹم کا کرایہ وصول کرنے کے باوجود انہیں اکانومی درجے کی سفری سہولیات فراہم کررہی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ مذکورہ ائیرکنڈیشننگ کوچ میں سفر کرنے والے مسافر وقفے وقفے سے پنکھا اور لائٹ بند ہونے کی تکلیف کا بھی شکار ہیں، کراچی میں تعینات ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کی جانب سے خراب ائیر کنڈیشننگ سسٹم کی نشاندہی اور احتجاج کے باوجود کوچ نمبر 4 کو درست کرنے یا تبدیل کرنے میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان ایکسپریس کو اس ان فٹ اسٹینڈرڈ اے کوچ نمبر4 کو زبردستی روانہ کردیا۔
Load Next Story