بلوچستان ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا الیکشن روک دیا
عدالت نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی
بلوچستان ہائیکورٹ نے چیرمین پی سی بی کے الیکشن پر حکم امتناع جاری کردیا۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان،جسٹس عامر نواز رانا نے الیکشن روکنے کا حکم دیا، عدالت کا تاحکم ثانی الیکشن پر حکم امتناع جاری کردیا، 17جولائی تک سماعت ملتوی کردی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق ممبر شکیل شیخ نے سماجی رابطے کی سائٹ پر آگاہ کیا اور عدالتی فیصلہ بھی ساتھ شیئر کیا۔
مزید پڑھیں: پی سی بی الیکشن؛ سابق کمیٹی کے ارکان نے عدالت سے رجوع کرلیا
واضح رہے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے 27 جون کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز میں الیکشن شیڈول تھا اور امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ ذکا اشرف پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب ہوجائیں گے۔
الیکشن کے انعقاد اور بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق رکن گل محمد کاکڑ نے عدالت میں درخواست دائر کی اور اسے غیر قانونی اقدام قرار دیتے ہوئے انتخاب روکنے کی استدعا کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے نئے بورڈ آف گورنرز کا اعلان کردیا
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالتی فیصلے تک چیئرمین کے الیکشن کو ملتوی اور اور بورڈ آف گورنرز کو معطل کیا جائے۔