مزدوروں کو جائز حقوق دیئے بغیر ملک میں ترقی ممکن نہیں الطاف حسین

شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کیلئے کی جانے والی جدوجہد ملک بھر کے غریب مزدوروں کے لیے مشعل راہ ہے، قائد ایم کیو ایم

پاکستان کے اقتدار پر قابض جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ملک کے مزدور طبقے کو اپنا غلام بنا کر رکھا ہے، الطاف حغسین۔ فوٹو:فائل

SHIKARPUR:
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں غریب مزدور طبقے کو انکے جائز حقوق کی فراہمی ممکن بناکر ہی ملک میں تبدیلی اور ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

محنت کشوں کےعالمی دن کے حوالے سے لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مزدوروں کو قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں مگر بد قسمتی سے ہمارے ملک میں مزدور طبقے کو انکے بنیادی حقوق میسر نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 65 برسوں سے پاکستان کے اقتدار پر قابض جاگیر داروں، وڈیروں، سرمایہ داروں نے ملک کے مزدور طبقے کو اپنا غلام بنا کر رکھا ہے اور آج تک ا نہیں وہ بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے گئے جودنیا بھر کے تہذیب یافتہ ممالک کے مزدور طبقے کو میسر ہیں یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان معاشی لحاظ سے بھی پستی کا شکار ہے ۔


الطاف حسین نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اس ملک کے مزدوروں کی محنت اور انکا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اوراگرملک کی ترقی میں محنت اور مزدوروں کی اہمیت کو فراموش کر دیا جائے تو وہ ملک تبدیلی و ترقی سے یکسر محروم ہوجاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدور طبقے کو بنیادی مراعات، سہولیات اور وہ آسائش نہیں دی جاتیں جس سے وہ خود اور ان کے اہل خانہ مستفید ہو سکیں، بد قسمتی سے پاکستان ابتدا ء ہی سے ایسے دہرے نظام کا شکار رہا ہے جس میں 2 فیصد مراعات یافتہ طبقہ ہر دور میں عیش و آرام کی زندگی بسر کر تا ہے جبکہ 98 فیصد غریب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو صحت، تعلیم، خوراک جیسی بنیادی انسانی زندگی کی سہولیات حاصل کرنے کے لیے بھی تگ و دو کر نی پڑتی ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ 1886ء میں امریکہ کے شہر شکاگو کے مزدوروں کی اپنے جائزحقوق کے لئے کی جانے والی جدوجہد اورعظیم قربانیاں ملک بھر کے غریب و مظلوم مزدوروں کے لیے مشعل راہ ہے، شکاگو کے محنت کشوں نے تمام تر ریاستی جبرکے باوجود اپنے جائز حق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جس کے نتیجے میں بے شمار محنت کشوں نے جانوں کے نذرانے دئیے، سیکڑوں محنت کش زخمی ہوئے، مزدور رہنماؤں کوقید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں لیکن انھوں نے اپنے حقوق کے حصول کی جدو جہد کو جاری رکھا اور آج ہم انکی اسی جدو جہداورعظیم قربانیوں کو سنہرے الفاظ میں یاد کرکے یوم مئی مناتے ہیں اور شکاگو کے مزدور طبقے کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
Load Next Story