نواز شریف اور آصف زرداری کی دبئی میں اہم ملاقات
ملاقات میں اسمبلیوں کی تحلیل اور نواز شریف کی وطن واپسی پر گفتگو، دونوں جماعتوں کا ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان دبئی میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان دبئی میں ہونے والی اہم ملاقات مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں عام انتخابات کیلیے اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ، عبوری حکومت اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی گئی جبکہ موجودہ سیاسی صورت حال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں نواز شریف کی وطن واپسی پر بھی مشاورت ہوئی جبکہ موجودہ اہم سیاسی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے قائدین کی عید کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی، جس میں اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔