شدید گرمی کے ساتھ طویل لوڈشیڈنگ سے زندگی مفلوج عوام سراپا احتجاج

لاڑکانہ میں 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کرنے پر 2 ہزار سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔


ویب ڈیسک May 01, 2014
غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث جہاں شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے وہیں کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہوکر رہ گئی ہیں۔ فوٹو؛فائل

ملک کے بیشتر حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اس کے ساتھ ساتھ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا جب کہ مختلف شہروں میں عوام لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث جہاں گرمی کے ستائے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے وہیں کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہوکر رہ گئی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں پارہ بھی ہائی ہوگیا اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف شہروں میں عوام نے احتجاج کیا۔ کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، سکھر، بنوں، گوجرانولہ، گجرات، سیالکوٹ لاہور، پشاور اور ملک کے دیگر شہروں میں لوگوں نے مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ادھر لاڑکانہ میں 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف گزشتہ روز پرتشدد مظاہرہ دیکھنے میں آیا جس کے خلاف تھانہ سول لائن میں 2 ہزار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ملک بھر میں گرمی میں اضافے کے باعث فیصل آباد میں درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ جھنگ اور بہاولپور میں 40، جہلم اور منگلا میں 38 ڈگری، ڈیرہ غازی خان، حیدرآباد، خضدار، لاہور، پاکپتن اور ساہیوال میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ، ملتان 40، اوکاڑہ 43، رحیم یارخان اور سکھر میں 42، سیالکوٹ میں 39، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 37، کراچی میں 35 جب کہ کوئٹہ میں 31 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔

ملک میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی شارٹ فال میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پیپکو حکام کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی کل طلب 15 ہزار 805 اور پیدوار 11 ہزار 105 میگاواٹ ہے۔ ہائیڈل ذرائع سے 3 ہزار 360، تھرمل سے ایک ہزار 368 اور آئی پی پیز سے 6 ہزار 370 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ شارٹ فال میں کمی کے بعد بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہروں میں 14 جب کہ دیہاتوں میں 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش نے زندگی مفلوج کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں