شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع
شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ سرور روڑ ،گلبرگ اور ریس کورس میں مقدمات درج ہیں
انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کردی۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں شاہ محمود قریشی کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات پر عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کردی۔ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ سرور روڑ ،گلبرگ اور ریس کورس میں مقدمات درج ہیں۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم کے بیان پر کسی نے اسکو جواب نہیں دیا بھارتی وزیراعظم کہتا ہے پاکستان اپنی موت آپ مر رہا ہے۔ افسوس وزیراعظم پاکستان اس بیان پر خاموش ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تھا کہ وزرات عظمی کے لیے بھاگ دوڑ کی جارہی ہے۔ آجکل دوبئی کی بیٹھک کے بڑے چرچے ہیں، بلاول بھٹو اور مریم نواز وزرات عظمی کے لیے امیدوار ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن حصول اقتدار کے لیے دوبئی میں بیٹھے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج یا کل میں آئی ایم ایف کا پول کھولنے والا ہے۔ ڈار صاحب کو گھٹنے ٹیکنے پڑے جو بجٹ پاس ہوا اس کو سب نے دیکھا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان کا شہری یہ پوچھ رہا ہے کیا میرے معاشی حالات کی کوئی بات کررہا ہے۔ تحریک انصاف کی کوشش ہے وہ مستقبل کی بات کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی میڈیا سے گفتگو پر بات کرنا قبل از وقت ہے معاملہ ابھی عدالتوں میں ہے۔
شاہ محمود قریشی کا آئی ایس پی آر کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے نام لیکر بات نہیں کی اپکو معلوم ہے میں مفروضوں پر بات نہیں کرتا۔