کراچیعید کے دوسرے روزگرج چمک کےساتھ بارش کی پیش گوئی
30جون تک سندھ کے بیشتر علاقوں میں گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے عید کے دوسرے روز شہر میں گردآلود ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کی پیش گوئی کردی، دیہی سندھ کے مختلف اضلاع بھی 30جون تک درمیانی وموسلادھاربارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق پنجاب اورشمال مشرقی بلوچستان میں جاری مون سون کا سلسلہ سندھ تک پھیلنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں کراچی میں عید کے دوسرے روزگردوغبار اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو اور عید کے پہلے روزشہرکا موسم قدرے گرم ومرطوب اورجزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے، دوروز کے دوران رات اورصبح کے وقت ہلکی بارش اوربونداباندی ہوسکتی ہے۔
منگل کو شہرکا موسم گرم و مرطوب ریکارڈ ہوا، دوپہر کے وقت نمی کا تناسب 63فیصد تک بڑھنے اورسمندری ہوائیں بند ہونے کے نتیجے میں گرمی رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ دیہی سندھ کے اضلاع دادو اورجیکب آباد میں درجہ حرارت 43ڈگری رہا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ 30جون تک قمبرشہدادکوٹ،دادو،جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، سکھر،خیرپور، نوشہروفیروز، مٹیاری، لاڑکانہ، شہیدبے نظیرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپورخاص میں گردآلود ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ درمیانی،تیزاورموسلادھار بارش کا امکان ہے۔