نو مئی پنجاب فرانزک ایجنسی نے پُرتشدد ہجوم کی نقل و حرکت کی رپورٹ تیار کرلی

پنجاب فرانزک ایجنسی کی رپورٹ میں تمام گرفتار ملزمان کی شکلیں واضح ہیں، ثبوت عدالت میں پیش کیے جائیں گے، پولیس


نعمان شیخ June 27, 2023
—(فوٹو : فائل)

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے نو مئی کے روز پُرتشدد ہجوم کی نقل و حرکت کی رپورٹ تیار کرلی۔

رپورٹ کے مطابق ہجوم کی سیف سٹی کیمروں کی فرانزک رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں لبرٹی سے گرجا چوک تک کے ثبوت بھی شامل ہیں، سیف سٹی کیمروں سے ملنے والی ویڈیوز میں ملزم اعجاز چوہدری سمیت دیگر گرفتار ملزمان بھی موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایس اے کو مختلف ویڈیوز بھجوائی گئی تھیں، جس میں نو مئی کے واقعات میں ملوث تمام گرفتار ملزمان پُرتشدد کارروائیاں کرتے نظر آرہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پُرتشدد ڈنڈا بردار ہجوم نے پارٹی پرچموں کے ساتھ چار بج کر 57 منٹ پر شیر پاؤ پر پر دھاوا بولا، جس کے بعد پانچ بج کر 10 منٹ پر گرجا چوک میں موٹرسائیکل سواروں کا ہجوم اکھٹا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق پانچ بج کر 16 منٹ پر طفیل اور اسد جان روڈ پر ہجوم جمع ہوا اور پُرتشدد کارروائیاں کیں، پھر 10 منٹ بعد مشتعل افراد مال آف لاہور کے باہر جمع ہوئے۔

فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 5 بج کر 35 منٹ سے 6 بج کر 45 منٹ تک ہجوم کے افشاں چوک، فورٹریس اسٹیڈیم چوک،میڈیکل چوک، تک کے بھی شواہد مل گئے جبکہ رات آٹھ بج کر 40 منٹ پر سی ایس ڈی میں ہجوم کے شواہد اور داخل ہونے کی ویڈیو بھی حاصل ہوگئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی جانب سے تیار کی گئی تمام ویڈیوز کی تجزیاتی رپورٹ بطور ثبوت عدالت میں پیش کی جائے گی تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں مل سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں