ٹک ٹاکر لڑکی کی ہلاکت مرکزی ملزم 24  جون کو لندن فرار ہوگیا 

ملزم سمیر 19 جون کو دبئی سے کراچی آیا تھا اور اس نے بنگلہ کرائے پر لے کر ڈانس پارٹی کا اہتمام کیا تھا، پولیس


طحہ عبیدی June 27, 2023
فوٹو: ایکسپریس

جناح اسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ ہونا شروع ہوگیا، ڈانس پارٹی میں لڑکی کی ہلاکت کے بعد لندن فرار ہونے والے مرکزی ملزم سمیر واحد کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔

لڑکی کی ہلاکت کے بعد بیرون ملک فرار ہونے والے ملزم سمیر کے متعلق معلومات ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ہیں جن کے مطابق ملزم سمیر پاکستانی ارب پتی ہے ، جس نے ابتدائی تعلیم امریکا میں حاصل کی اور لندن میں کمپنی چلارہا ہے۔

ایس ایس پی سائوتھ سید اسد رضا نے بتایا ہے کہ سمیر 19 جون کو دبئی سے کراچی آیا اور بزنس ڈیل کے نام پر ایک بنگلہ کرائے پر حاصل کیا، بنگلے میں 23 اور 24 جون کی شب ڈانس پارٹی کا اہتمام کیا گیا، سمیر کے دوستوں نے لوکل نیٹ ورک کے ذریعے ڈانس کرنے والی لڑکیوں کو بلایا اور نشے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون ٹک ٹاکر کا مبینہ قتل، شوہر اور ساس زیر حراست

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق عائشہ نامی ٹک ٹاکر لڑکی بھی اس پارٹی میں شامل تھی جس کی نشے کی زیادتی سے اچانک طبیعت خراب ہوگئی تو سمیر اپنے دوستوں کے ہمراہ گیسٹ ہائوس سے فرار ہوگیا جس کے بعد پنکی اور جبران نے لڑکی کو اسپتال منتقل کیا۔

سمیر اسی شام 6بج کر 13 منٹ پر ایک غیر ملکی پرواز کے ذریعے لندن فرار ہوگیا ، سمیر کے والد کا دبئی میں بزنس ہے جبکہ یہ انگلینڈ میں رجسٹرڈ ایک کمپنی Rawtech کا بانی اور سی ای او بھی ہے اور یوکے میں رجسٹرڈ گرین پلاسٹک گروپ بھی چلاتا ہے۔

مزید پڑھیں: جناح اسپتال کراچی میں خاتون ٹک ٹاکر کی لاش چھوڑ کر جانے والا ملزم گرفتار

ایس ایس پی سائوتھ اسد رضا نے مزید بتایا کہ سمیر پاکستان میں سماجی رابطے کی ایپلی کیشن کے ذریعے دبئی کا نمبر استعمال کرتا ہے جس کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا ہے، پولیس نے سمیر کے کراچی ایئر پورٹ سے فرار ہونے کا تمام ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے جس کے مطابق سمیر 19 جون کو کراچی آیا اور 24 جون کی شام لندن فرار ہوا ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں