کراچی چائے کے ہوٹلوں پر شہریوں سے لوٹ مار کرنیوالے گروہ کا ایک اور رکن گرفتار

ملزم عزیر نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، میٹرک بورڈ آفس اور فائیو اسٹار چورنگی پر 20 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، پولیس


Staff Reporter June 27, 2023
فوٹو: ایکسپریس

نارتھ ناظم آباد پولیس نے چائے کے ہوٹلوں پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈکیت گروہ کے دوسرے کارندے کو بھی گرفتار کرلیا، وارداتوں میں موٹر سائیکل چلانے والے ڈاکو کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد امجد کیانی نے خفیہ اطلاع پر لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ڈاکو عذیر ولد مومن کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔

گرفتار ڈکیت نے اپنے ساتھی گل زمان کے ہمراہ نارتھ ناظم اباد بلاک اے گولڈن گیٹ کے عقب میں قائم چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ہوئے شہریوں سے 6 موبائل فونز اور نقدی چھینی تھی جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

chaidacoit2

ترجمان کے مطابق گرفتار ڈکیت نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گلشن اقبال ، اورنگی ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد ، میٹرک بورڈ آفس اور فائیو اسٹار چورنگی پر 20 سے زائد وارداتیں کرچکا ہے۔

ڈاکو واردات کے دوران چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرتے تھے اور آئی فون کی آئی کلاؤڈ آئی ڈی کو بھی بائی پاس کر کے حسین علی نامی شخص کے ذریعے فروخت کر دیتے تھے، ابتک اس طریقے سے 150 سے زائد موبائل فونز فروخت کر چکے ہیں۔

chaidacoit1

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول ، لوڈڈ میگزین ، چھینے گئے 6 موبائل فونز اور سولجر بازار سے چھینی گئی ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کی سوزوکی موٹر سائیکل 110 برآمد ہوئی ہے جس کا مقدمہ بھی درج ہے۔

ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد امجد کیانی نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت عزیر کا آبائی تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کالا ڈھاکہ سے ہے، پولیس کو اس کی آبائی علاقے میں اسلحے سے فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی ملی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق اس ڈکیت گروہ میں افغانی بھی شامل ہیں جو ہوٹلوں پر لوٹ مار سمیت اسٹریٹ کرائمز کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہے ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں