کراچی میں ڈاکو 7 لاکھ مالیت کے بیل اور 2 قیمتی بکرے چھین کر لے گئے
نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتوں نے چوکیدار سمیت پانچ افراد کو یرغمال بنایا اور جانور لے گئے، پولیس
شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی میں مسلح افراد چوکیدار سمیت 5 افراد کو یرغمال بنا کر 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے جانور لیکر فرار ہوگئے جبکہ عزیز آباد میں مسلح افراد دو قیمتی بکرے اسلحے کے زور پر چھین کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں روٹ نمبر فور جے بس کے آخری اسٹاپ کے قریب قائم پلاٹ پر ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر چوکیدار عرفان سمیت دیگر 5 افراد کو اسلحے کے زور پر رسیوں سے باندھا اور وہاں موجود 3 بیل اپنے ہمراہ لیکر فرار ہوگئے۔
چھین کر لیجانے والے جانوروں کی مالیت 7 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے خواجہ اجمیر نگری پولیس نے چوکیدار عرفان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
دوسری جانب عزیز آباد میں ہائی روف میں سوار مسلح ملزمان شہری سے گھر کے سامنے سے دو قیمتی بکرے چھین کر فرار ہوگئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں عید قرباں کے لیے لائے گئے مویشی گائے اور بکرے چوری ہونے کی مبینہ طور پر 60 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔