پی ٹی آئی کراچی کے صدر اکرم چیمہ نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا

لاہور سے پی ٹی آئی رہنما وسیم اختر رامے، راولپنڈی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عدنان نے بھی راہیں جدا کرلیں

فوٹو ایکسپریس

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر نے پارٹی عہدے اور بنیادی رکنیت چھوڑنے اور سیاست جاری رکھنے کا اعلان کیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد اکرم چیمہ نے پارٹی عہدے اور رکنیت سے استعفی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد دنیا کو آخر کیا پیغام دینا چاہ رہے تھے؟ نو مئی کو ٹارگٹ مسلح افواج تھی۔ کیپٹن کرنل شیر خان کے مجسمے کی بے حرمتی کی گئی۔

اکرم چیمہ نے کہا کہ دشمن کے افسر نے ان کی لاش حوالے کرتے ہوئے انکی شجاعت کی تعریف کی تھی۔ ایم ایم عالم کا طیارہ بھی ٹارگٹ کیا گیا جن کا ریکارڑ تھا کہ ایک منٹ میں پانچ طیارے گرائے تھے۔ کور کمانڈر کے گھر پر حملہ کرکے چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔احتجاج کی آڑ میں املاک کو نقصان پہنچانا مناسب نہیں تھا نو مئی کے بعد مجھ پر بھی دو مقدمات درج ہوئے۔ اس لئے رپوش ہوگیا اور اب ضمانت کرا کے آیا ہوں۔


انہوں نے کہا سیاست جاری رکھوں گا، سیاست کے ذریعے ملک کی خدمت کروں گا۔ اکرم چیمہ نے مطالبہ کیا کہ شرپسندوں کی شناخت کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ سابق رہنما پی ٹی آئی اکرم چیمہ نے مستقبل میں سیاست جاری رکھنے کا عندیہ دیا لیکن کسی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے بتانے سے گریز کیا۔

محمد اکرم چیمہ 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوکر رکنِ قومی اسمبلی بنے تھے۔

دوسری جانب لاہور سے پی ٹی آئی رہنما وسیم اختر رامے، راولپنڈی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عدنان نے بھی راہیں جدا کرلیں۔
Load Next Story