پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کیوجہ سے پی آئی اے کو اربوں کا نقصان ہوا وزیراعظم

وزیراعظم نے پی آئی اے کی بحالی کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی، اسحاق ڈار سربراہ مقرر

—(فوٹو :فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے قومی ایئر لائن کو اربوں روپے کے نقصان ہوا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی آئی اے ( پاکستان انٹرنیشنل ایئر لاینز) کی بحالی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، اعظم نزیر تارڑ، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزراء سید نوید قمر، اسحاق ڈار، احسن اقبال، معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیرِاعظم نے وزیرِ خزانہ کی سربراہی میں قومی ایئرلائن کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو عید کے بعد پی آئی اے کے حوالے سے اپنی تجاویز و سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم کو پی آئی اے کی بہتری کیلئے مجوزہ روڈ میپ اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی کی پی آئی اے سے متعلق کاوشوں کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: ترکیہ کا پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون مزید بڑھانے کا عزم


وزیراعظم نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئرلائن خسارے سے نکلے کی استعداد رکھتی ہے، قومی ایئر لائن کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے بیڑے میں جہازوں کی تعداد 27 سے بڑھا کر 49 کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے قومی ایئرلائن نے یورپ اور امریکا کے فضائی راستے گنوا دیے جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کو اربوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، گزشتہ حکومت کے نا اہل وزرا نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، چینی کمپنیوں اور ترک کاروباری افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے اسی صورت میں ترقی کرسکتا ہے کہ اس کو خالصتاً نفع اور نقصان کی بنیاد پر پیشہ ور انتظامی ماہرین چلائیں، قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، حکومت ایسا پالیسی نظام لے کر آنے کی طرف قدم بڑھا رہی ہے جہاں حکومت کا کام صرف پالیسی فیصلے اور سرمایہ کاروں و کاروباری افراد و کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہوگا۔

پی آئی اے کی بحالی کیلیے کمیٹی تشکیل

اجلاس میں پی آئی اے کی تنظیمِ نو، اصلاحات اور بحالی کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، معاون خصوصی جہانزیب خان اور سیکرٹری ایوی ایشن شامل ہوں گے۔

یہ کمیٹی اسحاق ڈار کی سربراہی میں پی آئی اے کی تنظیمِ نو اور بحالی کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے اپنی سفارشات عید کے بعد کابینہ میں پیش کرے گی۔
Load Next Story