مہنگائی ڈیپ فریزر و ریفریجریٹرز کی فروخت میں 75 فیصد تک کمی

سنگل ڈور ڈیپ فریزر 75ہزار روپے، ڈبل ڈور فریزر اور ڈبل ڈور ڈیپ فریزر 90 ہزار سے ایک لاکھ روپے میں فروخت


Business Reporter June 29, 2023
12کیوبک فٹ کا ریفریجریٹر 75ہزار روپے میں بکنے لگا، ریفریجریٹرز اور ڈیپ فریزرز کی قیمت ایک سال میں دگنی ہوگئی ۔ فوٹو : فائل

بجلی کی قیمت بڑھنے اور گھریلو برقی آلات مہنگے ہونے سے عید قرباں پر ڈیپ فریزرز اور ریفریجریٹرز کی فروخت میں 75فیصد تک کمی کا سامنا ہے۔

گھریلو برقی آلات کی فروخت کے مراکز اور کراچی میں مرکزی صدر الیکٹرانکس مارکیٹ بھی گاہکوں سے خالی ہے، عید قرباں کو ریفریجریٹرز اور ڈیپ فریزرز کی فروخت کا سیزن سمجھا جاتا ہے تاہم اس سال مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید میں کمی، بجلی کے نرخ اور گھریلو برقی آلات کی قیمت بڑھنے سے فروخت محدود ہوگئی ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ ریفریجریٹرز اور ڈیپ فریزرز کی قیمت ایک سال میں دگنی ہوگئی جس کی وجہ سے عید کی فروخت 25فیصد تک محدود رہ گئی ہے دکاندار بہت کم منافع پر 500سے 1000روپے کا مارجن رکھ کے ریفریجریٹرز اور ڈیپ فریزرز اور مائکرو ویو اوون فروخت کررہے ہیں۔

سیل میں فروخت کی ایک بڑی وجہ کمپنیوں کی جانب سے براہ راست فروخت، بینکوں کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے اقساط کی سہولت ہے جس سے عام دکانوں کی فروخت میں کمی واقع ہورہی ہے، اس سال سنگل ڈور ڈیپ فریزر 70سے 75ہزار روپے، ڈبل ڈور فریزر، ڈبل ڈور ڈیپ فریزر 90ہزار سے ایک لاکھ روپے میں فروخت ہورہا ہے، 12کیوبک فٹ کا ریفریجریٹر 75ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں