سوہاوہ سیشن جج پتوکی دوبیٹوں اوربہنوئی سمیت ڈوب کر جاں بحق
راجا مبین چھٹیوں پر گھر آئے تھے اور بہنوئی اور دو نوجوان بیٹوں کے ساتھ نہانے کے لیے نجی ڈیم پر گئے تھے، پولیس
سیشن جج پتوکی راجا مبین دو بیٹوں اور بہنوئی سمیت مقامی ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عیدالاضحیٰ کے روز یہ دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں سیشن جج پتوکی راجا مبین اپنے بہنوئی اور دو بیٹوں سمیت مقامی ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق راجا مبین عید کی چھٹیوں پر آبائی گھر سوہاوہ آئے ہوئے تھے، اور مقامی نجی ڈیم میں اپنے بہنوئی اور دو نوجوان بیٹوں کے ساتھ نہانے کے لیے گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیشن جج، ان کے بہنوئی اور دونوں بیٹوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ بہنوئی اور ایک بیٹے کی لاش مقامی افراد نے نکالی تھی جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیوٹیموں نے دوسرے بیٹے اور سیشن جج کی لاشوں کو باہر نکالا، تمام لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیشن جج راجا مبین کے ایک بیٹے کی عمر 16 سال تھی جبکہ دوسرا بیٹا 18 سال کا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کی اطلاع پر علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی۔