میکسیکو میں شدید گرمی کے باعث دو ہفتوں کے دوران مزید 100 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد مارچ سے اب تک ہلاک افراد کی تعداد 112 ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی وزارتِ صحت جون کے مہینے میں ملک کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس (122 فارن ہائیٹ) کے قریب پہنچ گیا جس سے ہیٹ اسٹروک اور جسم میں پانی کی کمی اموات کی وجہ بنی، دو ہفتوں کے دوران کم از کم 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور کم ازکم 1550 افراد کو اسپتالوں میں طبی امداد دی گئی۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ 64 اموات میکسیکو کی ریاست نیویو لیون میں ہوئی ہیں۔ وزارت صحت نے درجہ حرارت سے متعلق ایک رپورٹ میں کہا کہ دو تہائی سے زیادہ اموات 18 سے 24 جون کے درمیان ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران گرمی سے صرف ایک ہلاکت سامنے آئی تھی۔
میکسیکو کی ریاست سونورا میں رواں ہفتے درجۂ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ حکام نے کہا ہے کہ رواں موسمِ گرما میں میکسیکو بھر میں اوسط درجۂ حرارت 30 سے 45 ڈگری رہا۔
خیال رہے کہ میکسیکو کی وزارتِ صحت نے یکم جولائی سے ایک اور ہیٹ ویو کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔