ورلڈکپ پاک بھارت مقابلے کیلئے احمد آباد کا متبادل وینیو کون سا ہوگا

معروف بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے انکشاف کردیا


ویب ڈیسک June 30, 2023
معروف بھارتی صحافی وکرانت کپتا نے انکشاف کردیا (فوٹو: ٹوئٹر)

معروف بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت ورلڈکپ میچ کیلئے بیک اَپ وینیو زیر غور ہے۔

بھارتی اسپورٹس چینل سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی صحافی وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ بھارت کو 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستان کی میزبانی کرنی ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ کی وجہ سے مقام تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی حکومت پاکستان کو احمد آباد میں ہندوستان کے خلاف کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی ہے تو چنئی کو بیک اپ آپشن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ سیکیورٹی؛ ہندو انتہا پسند تنظیم نے پاک بھارت میچ پر سوالات اُٹھادیئے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے احمد آباد میں کھیلنے سے مسلسل ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے یہاں تک کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر واضح کردیا تھا کہ پاکستان اس وقت تک نریندر مودی اسٹیڈیم میں نہیں کھیلے گا البتہ ایونٹ کا فائنل کھیلنے میں کوئی اعتراض نہیں۔

پی سی بی کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے باوجود آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کو احمد آباد کے اِسی گراؤنڈ میں شیڈول رکھا، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومتِ پاکستان ٹیم کو اُس گراؤنڈ پر کھیلنے کی اجازت نہ دے تو چنئی کو بیک اپ آپشن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاکستان نے ممبئی میں میچ کھیلنے سے انکار کردیا

میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔

شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ وینیوز کی تقسیم؛ بھارتی پنجاب کو نظر انداز کرنے پر وزیر کھیل پھٹ پڑے

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔

گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاکستانی شرکت بدستور حکومتی اجازت سے مشروط

واضح رہے کہ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں