خیبرپختونخوا کے وزیر صحت شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے مشیرکو عہدوں سے ہٹادیا گیا

شوکت یوسفزئی اور یاسین خلیل کو ناقص کارکردگی اور فارورڈ بلاک کے اراکین کی شکایت پر عہدوں سے ہٹایا گیا

وزارت سے ہٹانے سے متعلق علم نہیں تاہم پارٹی نے جو بھی فیصلہ كیا وہ اسے قبول كریں گے، شوکت یوسفزئی فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی منظوری کے بعد ناقص كاركردگی كی بنیاد پر صوبائی وزیر صحت شوكت علی یوسف زئی اور وزیر اعلیٰ كے مشیر برائے ٹرانسپورٹ یاسین خلیل كو ان كے عہدوں سے ہٹادیا گیا جس كے احكامات بھی جاری كردیئے گئے ہیں۔

شوكت یوسف زئی اور یاسین خلیل سمیت کابینہ كے 4 اركان كے خلاف فارورڈ بلاک میں شامل اركان كی جانب سے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان كو رپورٹ پیش كئے جانے كے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی وزیر اعلیٰ اور پارٹی سربراہ عمران خان كو رپورٹس موصول ہوئی تھیں جن كی تحقیقات كرانے كے بعد دونوں كو ان كے عہدوں سے ہٹایا گیا اور اس بات كا امكان ظاہر كیا جارہا ہے كہ ممكنہ طور پر کابینہ كے دیگر 2 اركان کو بھی ان كے عہدوں سے ہٹادیا جائے گا۔


دوسری جانب شوكت یوسف زئی کا کہنا تھا انہیں ابھی تک ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ انہیں وزارت سے فارغ کردیا گیا ہے تاہم پارٹی نے جو بھی فیصلہ كیا وہ اسے قبول كریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہی شوكت یوسفزئی كو صحت کی جگہ صنعت کی وزارت دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم نوٹی فكیشن جاری نہ ہونے کے باعث وہ بدستور وزیر صحت ہی تھے۔
Load Next Story