بھارت میں 417 پاکستانی اور پاکستان میں 308 بھارتی شہری قید
قونصلر رسائی سے متعلق 2008ء کے معاہدے کی دفعات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے
پاکستان نے قونصلر رسائی سے متعلق 2008ء کے معاہدے کی دفعات کے مطابق ہفتے کو پاکستان میں موجود 308 بھارتی قیدیوں (42 سویلین اور 266 ماہی گیروں) کی فہرست اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت نے بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔ فہرست کے مطابق بھارت کی جیلوں میں کل 417 پاکستانی (343 شہری اور 74 ماہی گیر) قیدی ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام پاکستانی شہری قیدیوں اور ماہی گیروں کو رہا کرے اور وطن واپس بھیجے جو اپنی متعلقہ سزا پوری کرچکے ہیں اور ان کی قومی حیثیت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی حراست میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں، یہ تبادلہ قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوتا ہے جس پر 21 مئی 2008ء کو دستخط ہوئے تھے۔