بھارت میں مسافر بس میں آتشزدگی 3 بچوں سمیت 26 افراد جل کر ہلاک

بری طرح جھلسے ہوئے 8 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے

بھارت میں مسافر بس میں آگ لگ گئی، بچوں سمیت 26 افراد ہلاک؛ فوٹو: ٹوئٹر

بھارت میں پونے جانے والی ایک مسافر بس کھبے سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں اس میں آگ بھڑک اُٹھی اور 26 مسافر جل کر خاکستر ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسافر بس کو حادثہ مہاراشٹرا میں سمرودھی مہامرگ ایکسپریس وے پر رات گئے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ بس ایک موڑ کاٹتے ہوئے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی تھی۔


پولیس کا کہنا ہے کہ کھمبے سے ٹکرا کر الٹنے کے باعث مسافر بس کا دروازہ بند ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ مسافروں کو باہر نکلنے کا راستہ نہ مل سکا اور فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک مسافر بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے جلی ہوئی بس سے 26 سوختہ لاشیں نکالیں جن میں سے 3 شیر خوار بچوں کی لاشیں تھیں۔ بری طرح جھلسے ہوئے 8 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں 2 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ڈرائیور بس کے الٹنے کے بعد نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
Load Next Story