320 سال پرانے اخبار کی اشاعت اشتہارات کی کمی اور مالی خسارے کے باعث بند

آسٹریا کا اخبار Wiener Zeitung پہلی بار 1703 میں شائع ہوا تھا

آسٹریا کا اخبار Wiener Zeitung پہلی بار 1703 میں شائع ہوا تھا، فوٹو: فائل

دنیا کے سب سے پرانے اخبار کی روزانہ کی اشاعت کو بند کردیا گیا جو 320 سال سے بلا تعطل جاری ہوا کرتا تھا۔

عالمی خبر رساں ادا رے کے مطابق آسٹریا کے اخبار Wiener Zeitung کو دنیا کا سب سے قدیم اخبار کہا جاتا ہے۔ 320 برسوں سے قارئین کو دنیا بھر کی خبریں ان کی دہلیز پر پہنچانے والا یہ اخبار اب پرنٹ کی شکل میں روزانہ شائع نہیں ہوا کرے گا البتہ ''ڈیجیٹلی'' دستیاب ہوگا۔

اس اخبار کی روزانہ کی اشاعت 20 ہزار اور ہفتہ وار چھٹی میں 40 ہزار تک تھی۔ یہ اخبار سرکار کی ملکیت تھا لیکن ایک خود مختار ادارے کی طرز پر کام کرتا تھا۔

اخبار پہلی بار اگست 1703 میں شائع ہوا تھا۔ پھر دوسری جنگ عظیم میں 1939 میں بند ہوا لیکن 1945 میں پھر اشاعت شروع ہوگئی تھی۔


آخری پرنٹ ایڈیشن 30 جون 2023 کو شائع ہوا جس میں حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اخبار کے روزانہ اجرا کو ناممکن قرار دیا گیا تھا۔

تاہم اب یہ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ اخبار روزانہ کی بنیاد پر شائع نہیں ہوگا جس کی وجہ حکومت پالیسیوں کی وجہ سے ایک کروڑ 80 لاکھ یورو کا مالی نقصان ہونا بتایا جا رہا ہے جب کہ اس قبل اخراجات کو کم کرنے کے لیے 63 ملازمین کو بھی فارغ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ حکومت نے اپریل میں ایک قانون نافذ کیا تھا جس کے تحت کمپنیوں پر اخبارات کے پرنٹ ایڈیشن میں عوامی اعلانات کے لیے پیسے دینے کی پابندی ختم کر دی گئی تھی۔ اخبار کی مالی خسارے کی بڑی وجہ بھی یہی بنی۔

اس طرح Wiener Zeitung کی اشاعت بند ہونے سے دنیا کا قدیم ترین روزنامہ ہونے کا اعزاز جرمنی کا Hildesheimer Allgemeine Zeitung کے پاس آگیا جو 1705 سے شائع ہو رہا ہے۔
Load Next Story