آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات اسٹاک ایکسچینج 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کے ایس ای 100 انڈیکس 2446.32 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 43899 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا
آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے جس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ہفتے کے پہلے ہی دن زبردست تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ہونے والے 3 ارب ڈالر کے معاہدے کے بھرپور اثرات پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کے دوران سامنے آنا شروع ہو گئے۔ ڈیفالٹ کا خطرہ ٹلنے کے بعد عید الاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہوتے ہی ہفتے کے پہلے دن کاروبار شروع ہوتے ہی نئی تاریخ رقم ہوگئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز پر بھرپور تیزی سامنے آئی اور کے ایس ای انڈیکس میں 2000 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھرپور تیزی ہونے پر سرگرمیاں ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئیں اور کاروباری قانون کے مطابق حصص کی خریدوفروخت روک دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : ڈالر کی قیمت میں پانچ روپے کی بڑی کمی
حصص کی خرید و فروخت کے دوران ابتدا ہی میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1961 پوائنٹس اضافے سے 43414 پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا۔ بعد ازاں 2341.68 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100 انڈیکس 43794.36 پوائنٹس پر ٹریڈ ہوا، جو بڑھتے بڑھتے 2471 پوائنٹس اضافے سے 43923 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستان کی مالی گنجائش معمولی بہتر ہوگی، موڈیز
دن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2446.32 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 43899 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جس کے ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے ایس ای 100 انڈیکس 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا معاہدہ
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے اسٹاف لیول معاہدے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی ابتدائی منظوری مل گئی، جس کے نتیجے میں ڈیفالٹ کا خطرہ کم ہو گیا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر مالیت کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے معاہدے پر اتفاق ہوا ہے جب کہ آئی ایم ایف نے معاہدہ کی تصدیق کی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پاکستانی بانڈز کی قیمت میں 70 فیصد اضافہ
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدہ کی منظوری دے گا جب کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔ آئی ایم ایف اور پاکستانی کے درمیان طے پانے والا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) معاہدہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔