ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میجر سمیت 2اہلکار شہید
ایک سپاہی زخمی بھی ہوا، نماز جنازہ پہلے تربت بعد ازاں ان کے آبائی علاقوں میں ادا، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت دو اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بارودی سرنگ نصب کرنے کے علاوہ سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔ دو جولائی کو دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کے حوالے سے مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر جنرل ایریا بلور میں سیکیورٹی فورسز نے گشت شروع کیا۔
دہشت گردوں کے فرار ہونے کے راستوں کو بند کرنے کے لیے ناکہ بندیوں کا عمل جاری تھا۔ اس دوران دہشت گردوں کے ایک گروہ نے گشت کے دوران گھات لگا کر حملہ کرنے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں قوم کے دو بہادر بیٹوں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے شہادت کو گلے لگا لیا جبکہ فائرنگ سے دوسرا سپاہی زخمی ہوگیا۔
سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ علاقے میں حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے فالو اَپ آپریشن جاری ہے۔
حملے کے دوران شہید ہونے والے میجر ثاقب حسین کی عمر 31 سال اور ضلع سانگھڑ، سندھ کا رہائشی تھا جبکہ نائیک باقر علی جس کی عمر 26 سال تھی اور ضلع دادو کا رہائشی تھا۔
میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک چھپ کر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمت نہ ہاری۔ اسی اثناء میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کو گولیاں لگیں جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔ میجرثاقب حسین نے سوگواران میں والدین اور بیوہ چھوڑے جبکہ نائیک باقر علی نے سوگوارن میں تین سالہ بیٹی اور بیوہ چھوڑے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام شہداء بشمول میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید کی وطن عزیز کے دفاع کی خاطر دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
دریں اثنا میجر ثاقب حسین شہید اور نائیک باقر علی شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ شہدا کی نماز جنازہ پہلے تربت بعد ازاں ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئیں۔ شہیدوں کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران/ سپاہیوں، رشتہ داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔