شہریار مہر کا متفقہ طور پر اپوزیشن لیڈر نامزدگی کا دعویٰ

مجھے تمام اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، درخواست آج جمع کرائی جائے گی، شہریار مہر


Staff Reporter May 02, 2014
مجھے تمام اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، درخواست آج جمع کرائی جائے گی، شہریار مہر، فوٹو: فائل

فنکشنل لیگ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں نامزد اپوزیشن لیڈر شہریار مہر نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے مجھے متفقہ طور پر اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا ہے اور اپوزیشن لیڈر کے لیے درخواست آج (جمعے کو) سندھ اسمبلی میں جمع کرائی جائے گی۔

میں پیر صاحب پگارا، پیر صدر الدین شاہ راشدی اور پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے مجھے سندھ اسمبلی میں فنکشنل لیگ کی جانب سے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے، میں ن لیگ کے سربراہ اور وزیراعظم نواز شریف، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان پارٹیوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے فنکشنل لیگ کے فیصلے کی تائید کی، میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر پوری کوشش کروں گا کہ سندھ کے عوام کے مفادات اور ان کی بھلائی کے لیے کام کروں اور ان کے حقوق کے لیے سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائوں۔

وہ جمعرات کو مسلم لیگ فنکشنل ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی میں فنکشنل لیگ کے پارلیمانی لیڈر نند کمار، نصرت سحر عباسی اور کامران ٹیسوری بھی موجود تھے۔ شہریار مہر نے کہا کہ میں حکومت کے اچھے کاموں کی تائید بھی کروں گا اور ہم سندھ اسمبلی میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، ہم سندھ کے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے، کراچی سمیت سندھ میں سب سے بڑا مسئلہ امن وامان کا ہے، حالات بدترین ہوتے جارہے ہیں،امن وامان کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں