اینٹی کرپشن پنجاب نے بشریٰ بی بی کو طلب کرلیا
بشریٰ بی بی پانچ جولائی کو پیش نہ ہوئیں تو یکطرفہ کارروائی کی جائے گی، اینٹی کرپشن پنجاب
July 04, 2023
اینٹی کرپشن پنجاب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے الزامات پر 5 جولائی کو طلب کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے زمان پارک میں طلبی کا نوٹس چسپاں کردیا گیا ہے جبکہ ٹیم نے اس نوٹس کی تعمیل بھی کروائی ہے۔ بشری بی بی کی طلبی کا نوٹس اسکے وکلاء علی بھٹہ اور اویس کو بھی وصول کروایا گیا ہے
اینٹی کرپشن کے مطابق بشری بی بی کو اپنے گاؤں میں غیر قانونی طور پر ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے الزامات پر طلب کیا گیا ہے، اُ پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے من پسند ٹھیکیداروں کو غیر قانونی طور پر ٹھیکے دلوائے۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری نوٹس میں بشری بی بی کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف دیں۔
بشری بی بی کو اینٹی کرپشن اوکاڑہ آفس میں کل طلب کیا گیا ہے عدم پیروی یا غیر حاضری کی صورت میں قانون کے مطابق یکطرفہ کاروائی کی جائے گی۔