سویڈن واقعہ وزیراعظم کا 7 جولائی کو ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ

جمعہ 7 جولائی کو ملک گیر احتجاج میں تمام جماعتیں، قوم شرکت کرے،وزیراعظم کی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی بھی ہدایت


ویب ڈیسک July 04, 2023
(فوٹو : فائل)

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سویڈن واقعے پر 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے معاملے پر غور کیا کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ 7 جولائی کو سویڈن میں پیش آنے والے واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف کی تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ایک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی، جمعہ کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔

علاوہ ازیں سویڈن واقعے پر وزیراعظم نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قراردادمنظور کی جائے۔

وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جمعہ کے دن یوم تقدس قرآن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے پارٹی کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی عزت وحرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے لئے ہم سب ایک ہیں، گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام اور قیادت اسلاموفوبیا کا شکار اور مذہبی تعصبات کی حامل متشدد قوتوں کا راستہ روکیں، مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پرامن، متوازن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں مل کر ایسے رجحانات اور واقعات کے تدارک کے لئے کام کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں