اسلام آباد نجی اسپتال میں عملے کی مجرمانہ غفلت سے نومولود کی ٹانگیں جھلس گئیں

متاثرہ بچی کو پمز منتقل کردیا گیا ہے، ڈاکٹروں نے ٹانگیں ضائع ہوجانے کا خدشہ ظاہر کردیا


ویب ڈیسک July 04, 2023
فوٹو: فائل

نجی اسپتال میں عملے کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے نومولود بچی کی ٹانگیں جھلس جانے کا دل خراش واقعہ پیش آیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترامڑی میں واقع نجی اسپتال ( ڈاکٹر شکیلہ اسپتال ) میں عملے کی سنگین اور مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں انکیوبیٹر میں رکھی ہوئی نومولود بچی کی ٹانگیں بری طرح جھلس گئیں۔

نومولود بچی کے والدسید احسن کا کہنا تھا کہ پری میچور ہونے کی وجہ سے بچی کو انکیوبیٹر میں رکھوایا تھا، اور جب ایک دن کے بعد دیکھا تو اس کے پاؤں اور ٹانگیں مکمل طور پر جھلسی ہوئی تھیں۔

newborn-legburn1

نومولود کے والد کا مزید کہنا تھا کہ اسپتال کے عملے کی جانب سے بچی کو الرجی ہوجانے کا کہہ کر پٹی باندھ کر زخم چھپانے کی کوشش کی گئی، جب دوسرے اسپتالوں میں لے گئے تو ڈاکٹروں نے بچی کی ٹانگوں کی حالت کو الرجی نہیں بلکہ جلنا قرار دے دیا۔

سیداحسن کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور اسپتال کے عملے کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے اس کی نومولود بیٹی کی دونوں ٹانگیں ضائع ہوگئی ہیں، حکام نوٹس لیں اور انصاف دلائیں۔

دریں اثنا متاثرہ بچی کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( پمز ) کے برن سینٹر میں منتقل کردیا گیا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچی کی دونوں ٹانگیں جھلسی ہوئی ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ چل نہیں پائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں