ٹویٹر کی ٹکر پر میٹا کی ایپ ’تھریڈز‘ نے چند گھنٹوں میں مقبولیت کا ریکارڈ قائم کردیا

پہلے دو گھنٹے میں 20 لاکھ اور چند گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ایک کروڑ صارفین نے اکاؤنٹس بنالیے


ویب ڈیسک July 06, 2023
میٹا نے جمعرات 6 جولائی کو ٹویٹرکی متبادل ایپ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ فوٹو: بشکریہ دی ورج

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے ٹویٹر کی ٹکر پر اپنی نئی ایپ 'تھریڈز' لانچ کر دی اور چند گھنٹوں میں ہی ایک کروڑ صارفین نے اپنے اکاؤنٹس بنا لیے۔

میٹا کمپنی نے ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک کی پالیسیوں سے نالاں صارفین کو متبادل ایپ فراہم کرنے کا فیصلہ کئی ماہ قبل ہی کرلیا تھا جسے آج لانچ کردیا گیا اور صرف پہلے 5 گھنٹوں میں 50 لاکھ صارفین نے اپنے اکاؤنٹ بھی بنالیے تھے اور اس کے مزید دو گھنٹے بعد تعداد ایک کروڑ کو عبور کر گئی تھی۔

اس کے بعض اسکرین شاٹ سے ظاہر ہے کہ ڈیش بورڈ بہت حد تک ٹویٹر سے مشابہہ ہے جو انسٹاگرام کے لنک کے ساتھ کام کرے گا۔ اسے ٹیکسٹ اور گفتگو کی طرز پر ایپ میں ڈھالا گیا ہے جو ایک طرح سے ٹویٹر کی متبادل ہی ہے۔ اس کی پشت پر دو اہم عوامل ہیں۔

اول، ایلون مسک کے فیصلوں سے مقبول ہوئی ٹویٹر ایپ کو بہت دھچکا لگا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی بڑی شخصیات اسے چھوڑ کر متبادل ایپ پر جاچکی ہیں۔ دوسری اہم وجہ، خود ایلون مسک اورمارک زکربرگ کے درمیان بھی چپقلش جاری ہے جو کئی سطح تک بڑھ چکی ہے۔



لیکن ٹویٹرنے اب ٹویٹر ڈیک کے لیے بھی ویریفائڈ اکاؤنٹ کی شرط عائد کردی ہے جس کے کچھ نہ کچھ اثرات مرتب ہوں گے۔ اس کی بدولت ایلون مسک زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سبسکرپشن کی جانب راغب کرنا چاہتے ہیں۔

اس کے برخلاف تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ میٹا کی 'تھریڈز' ایپ ہرطرح سے مفت ہوگی، اس میں پوسٹ اور الفاظ کی کوئی حد بھی نہیں رکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ ٹویٹر طرز کی کئی ایپ منظرِ عام پر آئیں اور تیزی سے مقبول بھی ہوئیں، ان میں ٹرتھ سوشل اور مسٹوڈون نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ بلواسکائی نامی ایک ایپ نے تیزی سے ترقی کی تاہم ٹویٹر اب بھی مقبول ترین ہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں