سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد تک اضافے کا نوٹی فکیشن جاری

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف، ٹرانسپورٹ، ڈیپوٹیشن الاؤنس کی مد میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری


Irshad Ansari July 04, 2023
فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف، ٹرانسپورٹ، ڈیپوٹیشن، ایڈیشنل چارج اور اسپیشل پے اور کرنٹ جارچ الاؤنس کی مد میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں تیس سے پینتیس فیصد اضافہ کردیا، اس کے علاوہ اردلی الاونس،معذور افراد کیلئے کنوینس الاونس،ڈیپوٹیشن الاونس،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور اسپیشل پے ،کرنٹ چارج الاؤنس میں بھی اضافہ کردیا ہے معذوروں کے لیے کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اردلی الاؤنس ساڑھے سترہ ہزار روپے سے بڑھا کر پچیس ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس کو دستیاب وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کی کاپی کے مطابق گریڈ ایک تا سولہ کے ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور گریڈ سترہ تا بائیس کے افسران کی بنیادی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس کنٹریکٹ ملازمین، کنٹنجنٹ پیڈ ملازمین کو بھی ملے گا۔ ایڈہاک ریلیف الاؤنس وفاقی حکومت کے تمام ملازمین،مسلح افواج کےپرسونلز ،سول آرمڈ فورسز اور دفاعی تخمینہ جات سے تنخواہ وصول کرنے والے سول ملازمین سمیت سب کو یہ الاؤنس ملے گا۔

تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023سے کیا گیا ہے اور ملازمین کو ملنے والے ایڈہاک ریلیف الاؤنس پر انکم ٹیکس لاگو ہوگا۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس کی تنخواہ میں تقریباً 2 لاکھ روپے کا اضافہ

 

نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کو چھٹی اور ایل پی آر کے دوران بھی یہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملے گا البتہ غیر معمولی رخصت پر یہ الاؤنس نہیں ملے گا، ملازمین کو ملنے والی پنشن کی کیلکولیشن،گریجوایٹی اور ہاؤس رینٹ کیلئے یہ الاؤنس شمار نہیں ہوسکے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کی ڈیپوٹیشن پر بیرون ملک تعیناتی کے دوران بھی یہ الاؤنس نہیں ملے گا تاہم بیرون ممالک سے واپس آکر اپنے محکموں میں تقرری پر الاؤنس ملنا شروع ہوجایے گا ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملازمین کی پرسنل پے میں شامل ہوگا۔

وزارتیں و ڈویژنیں ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس اپنے مختص شدہ بجٹ سے فراہم کریں گی جبکہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی ادائیگی کیلئے وزارتوں و ڈویژنوں کو کسی قسم کی ضمنی گرانٹس فراہم نہیں کی جائے گی، اس کے علاوہ حکومت نے بی پی ایس 20 سے بی پی ایس 22 افسران کے آردلی الاؤنس میں اضافہ کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اردلی الاؤنس 17500روپے سے بڑھا کر 25000روپے ماہانہ کردیا گیا ہے اسی طرح ڈپیوٹیشن الاؤنس،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور سپیشل پے کرنٹ چارج الاؤنس میں بھی حکومت نے اضافہ کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈیپوٹیشن الاونس،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور اسپیشل پے ،کرنٹ چارج الاؤنس کی شرح برقرار رکھی گئی البتہ زیادہ سے رقم کی حد بارہ ہزار سے بڑھا کر بیس ہزار روپے کردی گئی ہے جبکہ معذورافرادکےلئے کنوینس الاؤنس میں بھی سوفیصداضافہ کردیاگیا ہے جس کے تحت معذورافرادکا کنوینس الاؤنس 2000 روپے سے بڑھا کر4000روپے کردیاگیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں