ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہر میں خونی بھیڑیئے ماورائے عدالت قتل کی شکل میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کا شکار کررہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی اور حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص اور ٹنڈوالہ یار زون میں زونل کمیٹیوں کے ارکان سے ٹیلی پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ خونی بھیڑیئے درندوں کی طرح بے گناہ کارکنوں کی بوٹیاں کھا کرہڈیاں سڑکوں اور ویرانوں میں پھینک رہے ہیں، یہ سراسر ظلم اور بربریت ہے اور جو لوگ بھی یہ بربریت کررہے ہیں ان پر اللہ کاعذاب نازل ہوگا۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں سفاک انتہا پسند دہشت گرد فوج، ایف سی اور پولیس کے افسروں اورجوانوں کے گلے کاٹ رہے ہیں، ان پر حملے کررہے ہیں لیکن ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے کراچی میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کاماورائے عدالت قتل کیا جارہاہے۔ کارکنوں کو گرفتار کرکے حراست کے دوران انسانیت سوزتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور قتل کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جارہی ہیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ جولوگ بھی یہ ظلم کررہے ہیں انہیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیرنہیں، اگریہ ظلم بندنہیں ہوا تو ماورائے عدالت قتل کر نے والوں کو مظلوموں کی بدعائیں لگیں گی اور صرف انہی پرنہیں بلکہ ان کے محکموں کے بڑوں پر بھی اس ظلم پر عذاب الہٰی آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ تمام تر مظالم کے باوجود ہمارے حوصلے جوان ہیں، ہم ثابت قدم ہیں۔