خیبر دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میجر شہید

تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا، آئی ایس پی آر

فوٹو : آئی ایس پی آر

خیبر ڈسٹرکٹ کے علاقے شکاس میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہوگئے جبکہ تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، دہشت گردوں کے فرار کے راستوں کو بند کرنے کے لیے ناکہ بندیوں کا عمل جاری تھا۔


اس دوران میجر عبداللہ کی دہشت گردوں کے ایک گروہ پر نظر پڑی جس پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہوگئے۔

علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں آپریشن کلین اَپ کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Load Next Story