جہانگیر ترین کے بھائی اور ملتان سلطانز کے مالک کی تدفین کردی گئی

عالمگیر ترین کے جسم پر تشدد کے نشان اور نشے کی زیادتی کے شواہد نہیں ملے، موت گولی لگنے سے ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ


ویب ڈیسک July 07, 2023
سال 2021 میں ٹیم نے پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی تھی (فوٹو: فائل)

استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف اور معروف کاروباری شخصیت جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی تدفین کردی گئی، انہوں نے گزشتہ شب گھر میں خودکشی کرلی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 2021 کی ٹرافی اپنے نام کرنیوالی ملتان سلطانز ٹیم کے اونز عالمگیر ترین نے خودکشی کی۔ لاہور پولیس کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی ماری۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی جس میں انہوں نے اپنی بیماری اور تکالیف کا ذکر بھی کیا۔

دوسری جانب ان کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے انہیں عالمگیر ترین کی بیماری کا علم نہیں، وہ غیر شادی شدہ تھے، انکے دوستوں کے مطابق عالمگیر ترین کی عمر 63 سال تھی جبکہ انکی منگنی ہوئی تھی اور وہ دسمبر میں شادی کرنے جا رہے تھے۔

واضح رہے کہ عالمگیر ترین سابق رکن اسمبلی جہانگیر ترین کے بھائی ہیں۔

پوسٹ مارٹم مکمل، رپورٹ آگئی

عالمگیر ترین کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا جس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی جب کہ پسٹل اور عالمگیر ترین کا لکھا گیا خط فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمگیر ترین کی موت سر میں گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی جو کہ سر کے دائیں طرف کان کے اوپری حصے پر لگی، گولی کنپٹی سے داخل ہوکر بائیں طرف سے نکل گئی، دماغ کے ٹشوز بری طرح سے متاثر ہوئے، موت بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ہوئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جسم پر تشدد کے کوئی نشان نہیں پائے گئے پوسٹ مارٹم میں نشے کی زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔

عالمگیر ترین کی نماز جنازہ ادا

بعد ازاں عشا کے بعد عالمگیر ترین کی نماز جنازہ ادا کردی گئیجس میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عالمگیر ترین کی تدفین ماڈل ٹاؤن قبرستان میں کردی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں