شام کے وسطی صوبے حما میں 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں 11 بچوں سمیت 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں جاری سیاسی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی جبکہ شدت پسندوں کی جانب سے ایک ہفتہ کے دوران دوسری بڑی کارروائی کی گئی جس میں 2 خود کش حملہ آوروں نے حما کے 2 علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 بچوں سمیت 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ، تازہ کارروائی حما کے شہرجبرین میں کی گئی جہاں خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کی زد میں آکر 11 بچوں سمیت 17 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور گاڑی میں سوار تھا جس نے موقع دیکھتے ہوئے خود کو گاڑی سمیت دھماکے سے اڑا یا
دوسرا خود کش حملہ الحمیرا ٹاؤن میں کیا گیا جس میں ایک شخص ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے، حملے کے فوری بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کئے جانے بعد طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، مقامی میڈیا کے مطابق زخمیوں کی حتمی تعداد کا علم نہیں۔
واضح رہے کہ شام میں 3 جون کو صدارتی انتخاب ہونے جارہے ہیں جبکہ شدت پسندوں کی کارروائیوں میں بھی تیزی آگئی ہے اور گزشتہ ہفتے 2 خود کش حملوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس کی ذمہ داری ''النصرہ فرنٹ'' نے قبول کی۔