کراچی باپ نے اپنے خلاف گواہی دینے والے بیٹے کو قتل کر دیا

مقتول نے اپنے والد کے خلاف بھینس کی چوری کی گواہی دی تھی، پولیس


Staff Reporter July 06, 2023
فوٹو: فائل

منگھوپیر کے علاقے رسول بخش گوٹھ بسم اللہ ہوٹل کے قریب باپ نے اپنے خلاف گواہی دینے والے بیٹے کی جان لے لی۔

مقتول نے اپنے والد کے خلاف بھینس کی چوری کی گواہی دی تھی جس پر باپ نے گھر میں جھگڑے کے دوران سر پر آہنی راڈ ماری جو جان لیوا ثابت ہوئی، قاتل باپ موقع سے فرار ہوگیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ ذوالفقار چانڈیو ولد گل حسن چانڈیو کے نام سے کی گئی، مقتول 4 بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا جبکہ وہ چوکیداری کا کام کرتا تھا اور غیر شادی شدہ تھا، آبائی تعلق اندرون سندھ مہڑ سے تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول کے بھائیوں نے بتایا کہ ذوالفقار کو جھگڑے کے دوران اس کے والد گل حسن نے آہنی راڈ سر پر ماری جو جان لیوا ثابت ہوئی، مقتول کی لاش کئی گھنٹے تک جائے وقوعہ پر پڑی رہی۔ بعدازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کے بعد لاش اسپتال منتقل کی۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

مقتول کے بھائیوں نے بتایا کہ علاقے میں کسی کی بھینس چوری کی گئی تھی جس پر مقتول نے اپنے والد کے خلاف گواہی دی تھی کہ بھینس اس کے والد نے چوری کر کے فروخت کی ہے جس پر اس کے والد غصے میں آگئے اور بیٹے کے کو قتل کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں