نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا پلاٹ الاٹمنٹ کیس کا تحریری فیصلہ

سابق حکومت نے نیب کو ریفرنس پر مجبور کیا،نوازشریف کو وہ ریلیف ملنا چاہیے جو اس کیس میں دیگر ملزمان کو ملا،احتساب عدالت


ویب ڈیسک July 06, 2023
سابق حکومت نے نیب کو ریفرنس پر مجبور کیا، نواز شریف کو وہ ریلیف ملنا چاہیے جو اس کیس میں دیگر ملزمان کو ملا،احتساب عدالت (فوٹو : فائل)

احتساب عدالت نے نواز شریف کی پلاٹ الاٹمنٹ کيس ميں بريت کا تفصيلی فيصلہ جاری کر ديا جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی قانون کے مطابق نہیں، نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، منجمد کی گئی جائیدادیں بحال کی جائیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ تحریری فیصلہ احتساب عدالت کے جج راؤ عبد الجبار نے تحریر کیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت 3 بار منتخب ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کو بری کرنے کا حکم دیتی ہے، سابق حکومت نے نیب کو نواز شریف کا مستبقل تباہ کرنے کے لیے ریفرنس پر مجبور کیا، مرکزی ملزمان کو جو ریلیف دیا وہی نواز شریف کو ملنا چاہیے، مرکزی ملزمان کے ساتھ اشتہاری بھی اسی سزا یا ریلیف کا مستحق ہوتا ہے۔


جج نے فیصلے میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کو بھی وہی ریلیف ملنا چاہیے تھا جو دیگر ملزمان کو دیا گیا اس لیے یہ عدالت نیب اور ریونیو بورڈ کو نواز شریف اور ان کی جائیدادوں میں حصہ داروں کی جائیدادوں کو غيرمنجمد کرنے کا حکم دیتی ہے، عدالتی فیصلے کی کاپی چیئرمین نیب سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو ارسال کی جائے۔

یہ پڑھیں : نواز شریف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں بری

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کے لیے مکمل طریقہ کار نہیں اپنایا گیا، نواز شریف کی جائیدادوں کے شیئر ہولڈرز نے جائیدادیں منجمد کرنے کے خلاف اعتراضات دائر کیے۔

واضح رہے کہ عدالت نے اس کیس میں 24 جون کو فیصلہ سنایا تھا تاہم تحریری فیصلہ آج جاری کیا گیا ہے۔ نواز شریف کے خلاف سابق دور حکومت میں لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کرنے کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس کے مطابق 57 کنال اراضی غیر قانونی طور پر منتقل کی گئی تھی۔

اللہ کا شکر ہے کہ نواز شریف کو انصاف ملا، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے احتساب ریفرنس میں نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ محمد نواز شریف کو انصاف ملا ہے، احتساب عدالت کا فیصلہ گواہی دے رہا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کے لیے جان بوجھ کر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عدالت نے تسلیم کیا ہے کہ نواز شریف لاہور ہائی کورٹ اور حکومت کی اجازت سے بیرون ملک گئے، عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ نواز شریف ملک میں ہوتے تو تفتیش کا حصہ بنتے، یہ ثبوت ہے کہ جان بوجھ کر اُس وقت کی انتقامی حکومت نے نواز شریف کو مفرور قرار دلوایا۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ نواز شریف کو سیاسی نقصان پہنچانے کے لیے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، قائد محمد نواز شریف کو مبارک دیتا ہوں کہ اللہ تعالی نے جھوٹ پر مبنی ایک اور مقدمے میں انہیں سرخرو کیا، امید ہے کہ محمد نواز شریف کے ساتھ سیاسی مقاصد کی خاطر جو ظلم اور زیادتی کی گئی ِ اس میں انہیں مکمل انصاف ملے گا۔

گزشتہ چار سال میڈیا کی زبان بندی کیلئے ہر حربہ ا ستعمال کیا گیا، وزیر اطلاعات

اسی معاملے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں بری کردیا گیا ہے، گزشتہ چار سال میڈیا کی زبان بندی کیلئے ہر حربہ ا ستعمال کیا گیا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے نواز شریف کو واضح طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا جسے آج احتساب عدالت بھی تسلیم کررہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کیس میں کسی قسم کی کرپشن سامنے نہیں آئی جس پر انہیں باعزت بری کردیا گیا، نواز شریف کیس میں کسی قسم کے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، شہزاد اکبر آج پاکستان میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں، نیب پر دباؤ ڈال کر نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں