آئندہ انتخابات کس مردم شماری کے تحت ہوں گے یہ ابھی واضح نہیں ایاز صادق

اس وقت تک 2017ء کی مردم شماری ہی قابل عمل ہے،2023ء کی مردم شماری کی منظوری تک اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں


ویب ڈیسک July 06, 2023
فوٹو:فائل

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے باعث عام انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر صرف یہ دیکھنا ہے کہ الیکشن قوانین میں کیا ترامیم کرنی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ ارکان پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے، انتخابی اصلاحات کے حوالے سے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جمع تجاویز کا جائزہ لیں گے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ تمام فریقین کے ساتھ مل کر متفقہ دستاویز تیار کرنے کی کوشش کریں گے، پارلیمانی کمیٹی جلد از جلد سفارشات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا معاملہ پلاننگ کمیشن کے پاس ہے ہماری پہلی ترجیح انتخابی قوانین میں ترامیم کو حتمی شکل دینا ہوگی اگر مردم شماری کی وجہ سے تنازعات ہوئے تو پلاننگ منسٹر کو بلائیں گے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کس مردم شماری کے تحت ہوں گے یہ ابھی واضح نہیں اس وقت تک 2017ء کی مردم شماری ہی قابل عمل ہے، 2023ء کی مردم شماری کی منظوری تک اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کے باعث عام انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں