بھارت قبائلی نوجوان پر پیشاب کرنے والے ملزم کا گھرمسمار
پرویش شکلا کو بدھ کی صبح 2 بجے کے قریب گرفتار کیا گیا، مقامی میڈیا
مدھیہ پردیش حکام نے ایک قبائلی نوجوان کے سر پر سرعام پیشاب کرنے کے الزام میں زیر حراست ملزم کے گھر کو مسمار کردیا۔
سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرویش شکلا سگریٹ پیتے ہوئے ایک نوجوان کے سر پر پیشاب کررہا ہے۔ مذکورہ واقعہ گزشتہ برس مدھیہ پردیش کے وسطی ضلع سدھی میں پیش آیا تھا لیکن رواں ہفتے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا جب سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق پرویش شکلا کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور مذکورہ جرم کے الزام میں اسے جرمانہ اور ایک سال کی جیل ہو سکتی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق پرویش شکلا کو بدھ کی صبح 2 بجے کے قریب گرفتار کیا گیا جب مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے واقعہ کا نوٹس لیا اور پولیس کو فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔
بعدازاں پولیس افسر رویندر ورما نے غیرملکی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ حکام نے پرویش شکلا کے گھر کو "غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ پانے' کے بعد منہدم کر دیا۔
بعدازاں بھارتی نیوز ویب سائٹ 'دی پرنٹ' نے رپورٹ کیا کہ سی ایم مشرا نے آج بھوپال میں واقع اپنی رہائش گاہ میں قبائلی شخص کے پاؤں دھوئے اور اس واقعے پر افسوس کا اظہار اور اس سے معافی مانگی۔