منی پاکستان کی صورتحال لمحہ فکریہ

کراچی کے مرض کی درست تشخیص ہونا چاہیے ...


Editorial May 02, 2014
کراچی کے مرض کی درست تشخیص ہونا چاہیے فوٹو:فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے4کارکنوں کے بہیمانہ قتل پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اظہارافسوس کرتے ہوئے اس کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے ادھر ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے ڈی آئی جی ایسٹ زون کی سربراہی میں 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے، ایم کیوایم نے جمعے کو سندھ بھر میں یوم سوگ منایا۔ کراچی بدستور درد انگیز اور دلگداز حالات کی چکی میں پس رہا ہے جو کسی بھی محب وطن پاکستانی کو اشکبار کرنے کے لیے کافی ہے، عجیب المیہ اور سمجھ میں نہ آنے والا معمہ ہے کہ کون سی طاقتیں ہیں جو منی پاکستان سے در پردہ انتقام لینے پر تلی ہوئی ہیں کیا ان کی گردن دبوچنے کا کوئی انتظام ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس نہیں۔

سوچنا چاہیے کہ پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور جو دو کروڑ ہم وطنوں کا ایک سماجی ، معاشی، ثقافتی اور کاروباری آشیانہ ہے جس میں پاکستان کے کونے کونے سے محنت کش خاندان اپنی شبانہ روز انتھک محنت سے اس کے گیسو سنوارتے آئے ہیں۔ ارباب اختیار کو اب جنگی بنیادوں پر کراچی کا کیس نمٹانا ہوگا ۔ ٹارگٹڈ آپریشن میں مثبت نتائج بھی نکلے ضرور ہیں تاہم غیر قانونی ہلاکتوں اور مسخ شدہ وتشدد زدہ لاشوں کا سلسلہ ختم ہونا لازم ہے ۔

کراچی کے مرض کی درست تشخیص ہونا چاہیے جو انتظامی نا اہلی، معاشی رقابتوں ، سماجی تضادات اورعرصہ دراز سے جاری لاقانونیت ، بدامنی ، قبضہ گیری اور بھتہ خوری کا نتیجہ ہے، کراچی کو عالمی میڈیا تک خطرناک شہر قرار دے چکا ہے، ٹارگٹڈ آپریشن کی سمت درست رکھنے کی ضرورت ہے، کوشش ہونی چاہیے کہ کسی بھی سیاسی کارکن اور بیگناہ شخص کی قیمتی جان ضایع نہ ہو۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حراست کے دوران 4کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ امید کی جانی چاہیے کہ ارباب بست و کشاد منی پاکستان میں سیاسی کشیدگی ، بد امنی ، خوں ریزی کے سدباب کے لیے ٹھوس سائنسی بنیادوں پر جرائم کا خاتمہ اور تمام اسٹیک ہولڈر مل بیٹھ کر شہر قائد کے دکھ شیئر کریں گے کیونکہ کراچی کا درد تو سارے اہل وطن کا مشترکہ درد ہے، سب کو اس کی مسیحائی کرنی چاہیے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں