بیرونی سرمایہ کاری نے حصص مارکیٹ کو مندی سے بچالیا

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 244.33 پوائنٹس تک کی تیزی رونما دیکھی گئی جس سےانڈیکس 29 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی


Business Reporter May 03, 2014
غیرملکیوں کی جانب سے83 لاکھ 16 ہزار295 ڈالرکی سرمایہ کاری کی گئی۔ فوٹو: آن لائن/فائل

اقتصادی محاذ پر مثبت اطلاعات کے باوجود کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو اتارچڑھائو کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی، 47.23 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 57 کروڑ36 لاکھ5 ہزار542 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ایک موقع پر 244.33 پوائنٹس تک کی تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی29000 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ پہلے کاروباری سیشن میں مخصوص کمپنیوں کے حصص میں خریداری نمایاں رہی، سوئی سدرن گیس کمپنی کے ساتھ ایل این جی پروجیکٹ ڈیل پر اینگروکارپوریشن کے حصص میں خریداری نمایاں رہی جبکہ ماڑی گیس کی نئی دریافتوں کے علاوہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رہنے سے شہر میں جمعہ کو یوم سوگ اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے کے منفی اثرات مارکیٹ پرغالب نہ ہو سکے۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر48 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے83 لاکھ16 ہزار295 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے9 لاکھ58 ہزار483 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے2 لاکھ85 ہزار864 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے10 لاکھ51 ہزار 487 ڈالراور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے2 لاکھ36 ہزار872 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مندی کے اثرات زائل کردیے۔

البتہ این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر1 کروڑ8 لاکھ49 ہزار ڈالر کا انخلا بھی کیا گیا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 8.15 پوائنٹس اضافے سے 28921.13 ہوگیا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس 75.44 پوائنٹس کی کمی سے 46019.82 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت24.28 فیصد کم رہااور19 کروڑ54 ہزار 500 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ362 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں171 کے بھائو میں اضافہ، 174 کے دام میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں