دو شہری لاپتا سیکریٹری داخلہ آئی جی اور ایس ایچ اوز کو نوٹسز جاری

سہراب گوٹھ سے شہری حسن گل اور قائد آباد سے شہری عابد کو پولیس اہلکار اٹھا کر لے گئے، درخواست گزار


کورٹ رپورٹر July 08, 2023
(فوٹو: فائل)

سندھ ہائی کورٹ نے دو لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سیکریٹری محکمہ داخلہ، آئی جی، ڈی آئی جی ملیر، ایس ایس پی ملیر، ایس ایچ او سہراب گوٹھ اور قائد آباد کو نوٹس جاری کردیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس آغا فیصل اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو 2 لاپتا شہریوں کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

سہراب گوٹھ سے لاپتا شہری حسن گل کے بیٹے اسرار نے بتایا کہ والد کو یکم جولائی کو پولیس کی 2 موبائلوں کے اہلکاروں نے تحویل میں لیا، رابطہ کرنے پر پولیس نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے معلومات کی جائیں، والد کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

قائد آباد سے مسماۃ اختیار بی بی نے بتایا کہ 13 جون کو بیٹے عابد کو گھر میں گھس کر پولیس اہلکاروں نے اغوا کیا، بیٹے کی رہائی کے لیے پولیس نے 2 لاکھ روپے طلب کیے، غریب ہوں رقم ادا نہیں کرسکی، پولیس نے بیٹے کو لاپتا کردیا، بار بار رابطے کے باوجود پولیس کچھ نہیں بتارہی، بیٹے کو بازیاب کرایا جائے۔

عدالت نے سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی ملیر، ایس ایس پی ملیر، ایس ایچ او سہراب گوٹھ اور قائد آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں